کراچی : مون سون بارشوں نے ایک بار پھر کراچی کو کرچی کرچی کردیا . اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ میں داخل ہوتے ہی کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق آج کراچی کے علاقے نیو کراچی، سرجانی، شارع فیصل، ائیرپورٹ، ڈالمیا، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ماڈل کالونی اور گلستان جوہر میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے قربانی کے 7 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

دوسری طرف آج بارش کے باعث لیاقت آباد سی ون ایریا، نارتھ ناظم آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ویل مارکڈ لو پریشر کی صورت میں سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔یاد رہے کہ 31 جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Shares: