نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزم سمیت موٹر سائیکل چور گروہ گرفتار

0
47

پشاورکیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ شاہ پور اور تھانہ چمکنی کی حدود میں الگ الگ کاروائیوں کے دوران اندھے قتل میں ملوث ملزم سمیت موٹر سائیکل چور گروہ کو گرفتار کرلیا ہے. تمام گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران نوجوان کو مستورات کے تنازعہ پر قتل کرنے اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر اسلحہ دو عدد 30 بور پستول ، 5 عدد موٹر سائیکلیں اور ایک عدد موبائیل فون برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان سے دوران تفتیش اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدعی عصمت اللہ ولد پرویز خان سکنہ محمد زئی نے مورخہ 10 ستمبر 2020 کو تھانہ شاہ پور پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہو ئے بیان کیا کہ اس کے بھائی عرفان اللہ ولد پرویز بعمر 25 سال جو کہ رکشہ ڈرائیور ہے، کو کسی نامعلوم ملزمان نے قتل کیا ہے جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔
اسی طرح مدعی سلیمان ولد خیر محمد سکنہ گڑھی ممتاز نے تھانہ چمکنی پو لیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ سبزی منڈی کے قریب مسجد میں نماز پڑھنے چلا گیا جب واپس آیا تو کوئی نامعلوم ملزمان اس کا موٹر سائیکل چوری کرکے لے گئے تھے جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلا ف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
ایس پی رورل سجاد حسین نے دونوں واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ شاہ پور محمد رفیق خان، ایس ایچ او تھانہ چمکنی سردار حسین خان اورتفتیشی عملہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انکو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔
اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ شاہ پور محمد رفیق خان اور تفتیشی عملہ پر مشتمل ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کیا جس کے دوران مختلف پہلووں پر کام کرتے ہوئے قریبی روابط رکھنے والے افراد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا جس کے دوران نوجوان عرفان اللہ کے قتل میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر ملزم عاصم ولد سلیم خان سکنہ محمد زئی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران نوجوان کو مستورات کے تنازعہ پر قتل کر نے کا اعتراف کرلیا ہے جس کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
اسی طرح اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چند مشکوک افراد ورمغل پل چوہا گجر میں کسی سنگین واردات کی عرض سے موجود ہیں جس پر اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی سردار حسین خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے نہایت حکمت عملی کیساتھ ملزمان ابراہیم ولد ثمر گل سکنہ غریب آباد پھندو اور محمد اسحاق عرف کاکو ولد امیر محمد سکنہ وابیان کالونی کو گرفتار کرکے جن کی نشا ندہی پر 5 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں ، ایک عدد پستول اور ایک موبائیل فون برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

Leave a reply