موٹروے زیادتی کیس:خاتون کےرات کو نکلنےکی وجہ سامنےآگئی شوہرکی طرف سےمیکے سےاپنے گھرآنےکا دباؤ مسائل کا سبب بنا

0
45

لاہور:موٹروے زیادتی کیس: خاتون کے اتنی رات کو نکلنے کی وجہ سامنے آگئی :رات کے وقت عورت کے سفرکی وجہ اس کے شوہرکا میکے سے اپنے گھر آنے کا دباؤ تھا،اطلاعات کے مطابق موٹروے زیادتی کیس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او ) لاہور عمر شیخ کا ایک اور بیان سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کے حوالےسے آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے موٹر وے واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے رات کے وقت عورت کے سفر کی وجہ شوہر کو قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت عورت کے سفرکی وجہ اس کے شوہرکا میکے سے اپنے گھر آنے کا دباؤ تھا۔

سی سی پی اونے بتایا کہ ہیلپ لائن 130 پر کال کے 45 منٹ بعد تک کوئی متاثرہ خاتون کی مدد کو نہ پہنچا،رات 2:47 پر راہگیر نے خاتون کے ساتھ کسی کی ہاتھا پائی ہونے کی اطلاع 15پر دی، اگر پولیس کی 15 پر بروقت کال کر دی جاتی تو واقعہ پیش نہ آتا۔

عمر شخ نے کہا کہ مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 25 ٹیمیں سائنسی بنیادوں پر کام کررہی ہیں،وہ کوئی ایسا بڑا ملزم نہیں لگتا جس کی سرپرستی کوئی سیاستدان یا بااثرشخص کرتا ہو، ملزم اکیلا ہی بھاگ رہا ہے، اگر اس کی پشت پر کوئی ہوتا تو وہ خود اس کے ذریعے گرفتاری دے دیتا۔

اس موقع پر کمیٹی کے رکن احسان ٹوانہ نے کہا کہ صرف سیاستدان ہی نہیں بلکہ کسی مافیا کے پیچھے کوئی بیوروکریٹ یا پولیس والا بھی ہو سکتا ہے۔ اس پر عمر شیخ نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ایک اشتہاری شہباز بھنڈر محسن شاہنواز کے ڈیرے سے پکڑا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر رات ڈیڑھ بجے کے قریب خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

واقعے کا ایک ملزم شفقت پولیس کی تحویل میں ہے جب کہ مبینہ مرکزی ملزم عابد 15 روز بعد بھی پولیس کی پہنچ سے دور ہے۔

Leave a reply