صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ موٹر وے زیادتی کیس کے مجرم کا اپنے انجام تک پہنچ جانا پاکستان میں ریپ کیسز کو روکنے میں معاون ثابت ہو گا۔
لاہور وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے موٹروے زیادتی کیس کے مجرم کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کیس کا منصفانہ اور ریپڈ ٹرائل پاکستان میں ریپ جیسے بہیمانہ جرائم کو روکنے میں ممد و معاون ثابت ہو گا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، آئی جی پنجاب انعام غنی اور پورا محکمہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ معصوم بچیوں اور خواتین کی عزتیں پامال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا موجودہ حکومت کا عزم ہے اور آج کے فیصلے سے عوام کو حکومت اور اداروں پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے آخر میں کہا کہ ہماری خواتین کی طرف بڑھنے والا ہر شیطان دوسروں کے لیے نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔