موٹروے پولیس کا احسن قدم، اساتذہ کو حادثات سے بچاؤ کے لیے ایک روزہ لیکچر کا انعقاد
موٹر وے پولیس سکھر کا احسن اقدام، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ببرلوء کے اساتذہ کو روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے ایک روزہ لیکچر کا انعقاد، عملی طور پر روڈ کراس کرنے کی مشق کرائی گئی تاکہ طلبہ کو روڈ حادثات سے بچایا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن زبیر احمد ہاشمی اورڈی آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی خصوصی ہدایت پرزیر نگرانی ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ببرلوء کے اساتذہ کو موٹر وے پولیس کی موبائل ایجوکیشن کے افسران کی جانب سے روڈ سیفٹی اور روڈ حادثات سے محفوظ بنانے کے لئے لیکچر کا انعقاد اور طلبہ کو روڈ کراس کرنے کی تربیت فراہم کرنے کے لئے اساتذہ کو عملی مشق بھی کروائی گئی۔ اس موقع پر موبائل ایجوکیشن کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور محمد پرویز ڈہر نے لیکچر دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہوکر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو روڈ حادثات سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے،
اساتذہ کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی،روڈ کراس کرنے کے محفوظ طریقہ کی مشق کا مقصد کالج کے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، تاکہ اساتذہ موٹر وے پولیس کی جانب سے فراہم کردہ مفید معلومات اور روڈ کراس کرنے کے محفوظ طریقے کو اپنا کر اپنے طلبہ کو عملی طور پر تربیت فراہم کرسکیں۔
اس موقع پر پرنسپل علی احمد راجپر نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول ہائی وے کے نزدیک ہونے کی وجہ سے طلبہ کو روڈ کراس کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنہ کرنا پڑتا ہے، لہٰذا انہیں روڈ کراس کرنے کے طریقے کے بارے میں آگاہی کی اشد ضرورت تھی، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے موٹر وے پولیس کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ روڈ حادثے سے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔