کوہ سلیمان برساتی نالوں نے تباہی مچادی ، انڈس ہائی وے پانی میں بہہ گئی،3جاں بحق،متعدد زخمی ولاپتہ

کوہ سلیمان برساتی نالے بے قابو، انڈس ہائی وے پانی میں بہہ گیا،3جاں بحق،متعدد افراد زخمی ولاپتہ ہیں
باغی ٹی وی رپورٹ۔ڈیرہ غازیخان میں کوہ سلیمان پربارش برسنے سے پہاڑی ندی نالے بے قابوہوگئے،چوکی والہ کے قریب انڈس ہائی وے پانی میں بہہ گیابین الصوبائی ٹریفک کی روانی معطل،3جاں بحق،متعدد زخمی ولاپتہ گھر،مال مویشی فصلات سب سیلاب کی نظر ہوگئے ہیں جبکہ تین جاں بحق افراد میں آمنہ بی بی زوجہ خادم حسین بعمر40سال سکنہ زندہ پیرموڑ تونسہ شریف،خلیل احمدولدغلام رسول بعمر50سال بستی چھٹانی تونسہ شریف اور پروین بی بی دخترحسین بعمر7سال بستی لاشاری تونسہ شریف سیلابی ریلے میں ڈوب کرجاں بحق ہوگئے۔ابتک موصولہ رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے سے بستی چھٹانی موضع سنجر حیدروالی کے آٹھ افراد آمنہ بی بی ، حسینہ بی بی ، رشیدہ بی بی ، منیر ، تگو بی بی ، سلمی بی بی ، بشری بی بی ، عیسی خان کے لاپتہ ہونے کاخدشہ ظاہر کیاگیاہے

.ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر نیئر عالم نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان پر حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور پل قمبر ، بستی احمدانی ، بستی لاشاری ، زندہ پیر موڑ ، چوکی والا ، مکول اور انڈس ہائی وے کے علاقوں میں112 ریسکیورز چودہ کشتیوں کے ساتھ ریلیف آپریشن کر رہے ہیں. انہوںنے بتایاکہ اب تک سیلاب میں گھرے 421افراد کو ریسکیو کیاگیا 720افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا اسی طرح بیس مویشیوں کو بھی ریسکیو کیاگیا . تین افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی . انہوںنے بتایاکہ ریسکیو ریلیف آپریشن جاری ہے اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات براہ راست نگرانی کر رہے ہیں .

رکن صوبائی اسمبلی ڈیر ہ غازیخان محمد حنیف پتافی نے کہاہے کہ سیلاب قدرتی آفت اور اللہ تعالی کی طرف سے آزمائش ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیلاب زدگان کے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے . انتظامیہ کے ساتھ مل کرریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد سروے کر کے نقصانات کا ازالہ کرایا جائے گا. انہوںنے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان سیلاب زدہ علاقوں بستی ملنگا ، بستی گل محمد ، بستی احمدانی ، پل قمبر، بستی لاشاری ، زندہ پیر موڑ ، چوکی والا ، مکول، لوہار والا، انڈس ہائی وے ، چٹ سرکانی اورد یگر علاقوں کے سیلاب زدگان کو تنہا نہ چھوڑا جائے . فلڈ ریلیف کیمپس میں ہر ممکن سہولیات کے ساتھ سکیورٹی کے ہرممکن اقدامات کیے جائیں ۔

سول ڈیفنس آفیسر ڈیرہ غازیخان خالد کریم نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر و کنٹرولرسول ڈیفنس کی ہدایت پر افسران ، سٹاف اور رضا کاران پل قمبر ، بستی احمدانی، وڈور اور دیگر علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں فرائض انجام دے رہے ہیں. سول ڈیفنس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان میں چٹائیاں ، ترپال ،د ریاں ، مویشیوں کیلئے چارہ تقسیم کرنے کے ساتھ دیگر امدادی کام میں مصروف ہیں . سول ڈیفنس ہر مشکل گھڑی میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن معاونت کیلئے موجودہے . اسی طرح ڈیرہ غازیخان میں بارشوں اور رودکوہیوں کے سیلابی پانی کی تباہ کاریوں کے بعد امدادی کام جاری ہے متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل بھی جاری ہے . ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز اورتمام محکموں کے افسران متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم ہیں .ریلیف کیمپوں میں سہولیات کی فراہمی کے بعدسڑکوں اور اونچی جگہوں پر پناہ لینے والے متاثرین اور ان کے مال مویشیوں کیلئے ترپالوں کی فراہمی اور ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے .

جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام متاثرہ علاقوں میں خیمے بھی لگا دیئے گئے ہیں اسی طرح گزشتہ رات بھی خدمت خلق کا مشن جاری رہا ڈی جی خان کے مصیبت زدہ بے گھر خاندان پنجاب حکومت کے مہمان بنے اورڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد انور بریار نے خلوص دل سے سیلاب زدگان کی میزبانی کی . تونسہ تحصیل کے سیلاب زدگان کیلئے ریلیف کیمپس میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں اورفلڈ ریلیف کیمپس میں بجلی کے متبادل انتظام کیلئے جنریٹرز اور وافر مقدار ایندھن فراہم کیا گیا .ریلیف کیمپس میں مقیم خاندانوں کیلئے پنکھے اور تیار خوراک فراہم کی گئی ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے خود سیلاب زدگان میں کھانا تقسیم کیا . سول ڈیفنس،ہیلتھ،ریونیو اور دیگر محکموں کے ملازمین فلڈ ریلیف کیمپس میں تعینات تھے . ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ مصیبت میں گھرے سیلاب زدگان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،فلڈ ریلیف کیمپس میں گھر جیسی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے، پہلے دن کی خامیوں کو اگلے دن نہیں دہرایا جائے گا،کم وقت میں زیادہ وسائل اور سہولیات کی فراہمی کی کوشش کر رہے ہیں .

اُدھرریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد سلیم کے احکامات پر ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔سیلاب زدہ علاقوں میں پولیس لوگوں کی مدد کرنے اورانہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف عمل ہے ۔آر پی او کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی سربراہان کی زیرنگرانی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جان ومال اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔متاثرہ علاقوں میں پولیس لوگوں کو بروقت آگاہ کرنے اور ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلیے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر دن رات کام کررہی ہے۔ فلڈریلیف کمیپ میں موجود متاثرین اور ان کی املاک کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے موثراقدامات کیے گئے ہیں ۔سیلاب زدہ علاقوں میں سٹرکوں کی بندش کے پیش نظر گاڑیوں کو متبادل راستہ سے گزارنے کیلیے پولیس کی جانب سے مسافروں ٹرانسپورٹر حضرات کو بروقت آگاہ کیاجارہا ہے ۔آر پی او کا کہنا تھا کہ پولیس کو سیلاب زدہ علاقوں میں ہمہ وقت الرٹ رہنے کی سخت ہدایت جاری کردی ہیں۔امدادی سرگرمیوں اور سیکورٹی کا جائزہ لینے کیلیے آر پی او آفس میں ایمر جنسی کنٹرول روم قائم ہے۔کسی بھی ایمرجنسی میں 15یا کنٹرول روم 0649260479 پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔پولیس کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلیئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ سیلاب سے متاثرین کی امداد میں تمام وسائل بروئے کارلائے جارہیے ہیں

Comments are closed.