سندھ ہائیکورٹ نے 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ایم کیوایم کے مبینہ ٹارگٹ کلر عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو مقدمے سے بری کردیا۔ پیرکوجسٹس کے کے آغا اور جسٹس ارشاد علی شاہ پر مشتمل بینچ نے 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا کیخلاف اپیل پر فیصلہ سنادیا۔
پراسیکیوشن ملزمان کی سزا برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو بری کردیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزمان کیخلاف مزید کیس نہیں ہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے ملزمان کو 2 ، 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 2000 میں ایم اے جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔ شہید ہونے والے پولیس والوں میں ریحان اور نثار شامل تھے۔ ملزمان کیخلاف انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں دیگر مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ملزمان عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو ایم کیو ایم مرکز 90 سے گرفتار کیا گیا تھا .