مجرم کو پکڑنے جانیوالی بھارتی پولیس پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار ہلاک

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں مجرموں کو گرفتار کرنے کے لئے جانیوالی پولیس پارٹی پر حملہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار ہلاک ہو گئے

واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے کانپور میں پیش آیا، کانپور کے چوبے پور علاقے میں پولیس ایک مجرم وکاس دوبے کو پکڑنے گئی تھی، لیکن اچانک پولیس ٹیم پر ہی حملہ ہو گیا جس میں ڈی ایس پی بلہور دیویندر سمیت دیگر 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق واقعہ میں 7 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں مل رہی ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی دیر شب تقریبا 1 بجے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بلہور دیویندر مشرا کی قیادت میں بٹھور، چوبے پور، شیو پور تھانوں کی پولیس ٹیمیں ریکارڈ یافتہ مجرم وکاس دوبے کو پکڑنے وکرو گاوں پہنچی تھیں۔ محاصرہ کرتے ہوئے مجرموں کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا گیا، لیکن اسی دوران مجرموں کو پولس کے آنے کی خبر لگ گئی۔ اچانک مجرموں نے چھت پر چڑھ کر پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور پولیس ٹیم کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔

بتایا جاتا ہے کہ ڈی ایس پی بلہور دیویندر کمار مشرا کے علاوہ حملہ میں جو دیگر پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں ان میں 3 سب انسپکٹر اور 4 سپاہی شامل ہیں۔ دیویندر کمار مشرا کے علاوہ دیگر جو پولس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں ان میں مہیش یادو، انوپ کمار، نیبو لال، سلطان سنگھ، راہل، جتیندر اور ببلو شامل ہیں۔

Comments are closed.