ملک بھر میں نابینا افراد کے لیے تشکیل کی گئی کسی پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، مصطفی کمال

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نابینا افراد کے لیے تشکیل کی گئی کسی پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، نااہل اور کرپٹ حکومتیں معذور افراد کے کوٹے پر بھی جعلی بھرتیاں کررہی ہیں۔ ملک آٹو پہ چل رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومتی بے حسی اور نااہلی نے آج معذور افراد کو بھی احتجاج پر مجبور کردیا ہے۔
پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ناصرف ہر مظلوم کیساتھ کھڑی ہے، بلکہ اختیارات ملنے پر اب ٹھیک کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی بینائی سے محروم افراد کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ بینائی سے محروم افراد کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔
5 فیصد آئینی کوٹے پر شفاف اور غیر جانبدارانہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلائنڈ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نابینا افراد کے حقوق دیئے بغیر پاکستان فلاحی ریاست نہیں بن سکتا۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، اس صورتحال میں حکومت غریب اور خصوصا جسمانی طور پر کمزور افراد کا خیال کرے، معزور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ نابینا افراد حکومت کی جانب سے بہترین سلوک کے مستحق ہیں،حکمران اگر اس جانب توجہ دے تو نابینا افراد ملک و قوم کا اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ نابینا افراد میں بے پناہ صلاحیت ہوتی ہے جسے بروئے کار لا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
حکومت ترجیحی بنیادوں پر نابینا افراد کے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرے۔ نوکریوں میں غیر مستقل آفراد کو مستقل کیا جائے۔ عمر رسیدہ اور ضرورت مندوں کا ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے۔ معزور افراد کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں میں انہیں مکمل نمائندگی دی جائے تاکہ وہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار ہوں۔

Comments are closed.