ملکی حالات اور اقتدار کی جنگ، تجزیہ : شہزاد قریشی

اس ملک کی سیاست کی ستم ظریفی دیکھیں اسی نواز شریف کو کبھی آئینی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی
0
112
qureshi

ملک کے حالات دن بدن ابتر ہوتے جارہے ہیں،اقتدار اور اختیارات کی جنگ ہمیں کہاں لے جائیگی یہ کہنا قبل از وقت ہے،تاہم سیاستدانوں کی اکثریت ایسی ہے،جنہوں نے جمہوریت کے نام پر ملک وقوم سے کھلواڑ کیا،آج پاکستان اور قوم جن مسائل سے گزر رہی ہے اس کے ذمہ دار بھی سیاستدان ہی ہیں اس وقت ملک میں سیاسی لیڈر شپ کا فقدان ہے،دوسری جانب سوشل میڈیا، وی لاگرز،یوٹیوبزر نے وہ ہنگامہ کھڑا کیا ہے کہ خدا کی پناہ ،ملکی سلامتی کو پس پشت ڈال کر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے،جس ملک میں سیاستدان ایک دوسرے کو غدار اور عالمی طاقتوں کا ایجنٹ قرار دیں-

کیا وہاں جمہوریت ، قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رہ سکتی ہے وہاں عوام کیسے خوشحال ہو سکتے ہیں ؟ ہرگز نہیں ،جمہوریت کے دعویداروں سے سوال ہے، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ایک قومی لیڈر کے خلاف جو نعرے بازی کی گئی کیا جمہوری اصول اس کی اجازت دیتے ہیں؟بلاشبہ نواز شریف کسی ولی یا فرشتے کا نام نہیں لیکن ایک جمہوریت کے دعویدار جماعت کے چہیتوں نے جس زبان میں اور کلمات میں پنجاب اسمبلی کےاجلاس میں نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی ہے وہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ قابل نفرت بھی ہے، یہ وہی نواز شریف ہیں جنہوں نے اس ملک کودفاعی لحاظ سے مضبوط کیا ایٹمی طاقت دیکر نہ صرف دشمن کو منہ توڑ جوب دیا بلکہ امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا،لیکن اس ملک کی سیاست کی ستم ظریفی دیکھیں اسی نواز شریف کو کبھی آئینی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی –

نوازشریف 1985 ء سے پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں،ملک کی خوشحالی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا،سی پیک جیسے میگا منصوبے دئیے، شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت بنائی گئی جس میں پیپلزپارٹی برابر کی شریک تھی،اس نے نواز شریف جیسے مدبر سیاستدان کی شہرت کو بھی داغدار کردیا،نواز شریف پاکستان ہی نہیں اس خطے کے تجربہ کار سیاسی لیڈر ہی-

افسوس کہ ہم نےاپنے سیاسی لیڈروں کی قدر نہیں کی جس کا خمیازہ آج ملک وقوم دونوں بھگت رہے ہیں-جس طرح نواز شریف کے خلاف لندن سے لے کر پنجاب اسمبلی تک نعرے بازی کی گئی ،یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک پلان کے تحت قوم کوسیاسی یتیم بنا یا جا رہاہے،جس طرح ان کے خلاف کیا جا رہا ہے ،وہ ہرگز مناسب نہیں، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے وہ افراد جنہیں صرف اقتدار میں رہنے کا شوق ہے وہ اپنے قائد کا دفاع کریں،جن حالات کاعوام کو سامنا ہے ، افق پر گہرے بادل دکھائی دے رہے ہیں کیسے لکھوں کہ ان گھنگور اور تاریک گھٹائوں کے حاشیے پر سنہری کرن دکھائی دے رہی ہے جو تابناک سحرکی نوید دیتی ہے ہرگز نہیں۔

Leave a reply