ملتان شہر رات میں بھی پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس 1900 سے تجاوز کر گیا۔

باغی ٹی وی : ائیر کوالٹی انڈیکس میں پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر ہے جبکہ پنجاب اور کے پی کے کئی شہروں میں بھی دھند اور اسموگ نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، دھند اور اسموگ کی وجہ سے موٹروے ایم 1 چارسدہ سے اکبرپورہ تک، موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ سرورتک، موٹروے ایم 3 سمندری سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہیں، موٹروے ایم فائیو شیرشاہ سے جھانگڑہ تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں اور گاڑیوں میں دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے مسئلے سے نمنٹنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب بھر میں بازار رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ پنجاب بھر میں اتوار کو بھی تمام بازار بند رہیں گے اسموگ سے متاثرہ 4 ڈویژن کے 18 اضلاع میں کھیلوں کے میدان، عجائب گھر اور چڑیا گھر سمیت تمام تفریحی مقامات بھی 17 نومبر تک بند رہیں گے، ادھر لاہور والڈ سٹی اتھارٹی نے بھی شہر میں تمام سیاحتی اور تفریحی پروگرام اور تقریبات 17 نومبر تک معطل کردیں ہیں۔

پنجاب حکومت نے بھی ورک فرام ہوم پالیسی پر کام شروع کردیا ہے، ملازمین نجی ہوں یاسرکاری کام گھر بیٹھ کر کریں گے،لاہور میں گیارہ اور بارہ نومبر کو مصنوعی بارش برسانے کی بھی تیاری ہونے لگی ہے۔ اٹھارہ اضلاع میں پارکس اور تفریح گاہیں دس روز بند رہیں گی،جبکہ عدالت نے دو ہفتوں کے لیے اتوار کے دن کمرشل سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا حکم بھی دیا-

Shares: