مراد علی شاہ جو مانگیں گے ہم دیں گے مدد کیلئے تیار ہیں : شیخ رشید احمد

0
28

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور شکارپور میں جاری آپریشن پرگفتگو کرتے ہوئے وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مراد علی شاہ جو مانگیں گے ہم دیں گے، رینجرز کی آپریشن میں مدد چاہیے تو وہ بھی دیں گے۔
جمعرات کو کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ڈی جی علی نواز، مشیر قانون، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی شریک ہوئے۔وزیراعلی سندھ نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا اب 126 پر ہے، پہلے سندھ میں جان پہچان والوں کے ساتھ سفر کرتے تھے، 2007 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے گرینڈ آپریشن کرکے ہائی ویز کو کلیئر کروایا۔
وزیراعلی سندھ نے وفاقی وزیر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وفاقی وزیر داخلہ ہیں، آپ جب بھی چاہیں آجائیں، ہم ملکر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں، اس پر شیخ رشید نے کہاکہ کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے وزارت داخلہ مہیا کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز حاضر ہے ،جب چاہے سندھ حکومت ان کی آپریشن میں خدمات لے سکتی ہے، وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ ہمیں کچھ حساس ساز و سامان چاہئے، اس کا بندوبست سندھ حکومت کررہی ہے، اس سازوسامان کو حاصل کرنے میں وزارت داخلہ مدد کرے۔شیخ رشید نے کہا کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت کو جو چاہیے ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔وزیراعلی سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم جلد کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا صفایا کر دیں گے، اس پر شیخ رشید نے کہاکہ ڈاکوؤں کے خلاف دہشت گردی کے کیسز درج کرائے جائیں۔

Leave a reply