وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پورے ملک میں سب سے زیادہ کامیاب وزیراعلیٰ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ فوادچوہدری کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے تین سال قومی لباس پہن کر اسے پروموٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شلوار قمیض پہنیں یا دھوتی عوام کو اس سے کیا سروکار، تین سالوں میں پی ٹی آئی نے مہنگائی، بے روزگاری ،بے چینی اور جھوٹ پر مبنی حکومت چلائی ، پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں صرف انتقامی کارروائیاں ، نیب گردی اور ایف آئی اے کے حملے ہوتے رہے ، پی ٹی آئی کے تین سالوں میں خارجہ پالیسی ، معاشی پالیسی اور سماجی پالیسی مکمل ناکام رہی۔
وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ عوام دن بہ دن غربت کی لکیر سے نیچے جاتی رہی مگر پی ٹی آئی کے رہنما خوشحال ہوتے گئے ، اگر مراد علی شاہ کی تین سالہ کارکردگی دیکھی جائے تو سندھ باقی تمام صوبوں سے کئی درجے بہتر ہے ، سندھ میں ترقیاتی کام ، صحت کا نظام، عوام کے مال و جان کی حفاظت قابل تعریف ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری کو چاہیے کہ عوام سے رائے لیں کہ آیا پی ٹی آئی کی کارکردگی بہتر رہی یاسندھ حکومت کی ، عوام پی ٹی آئی کو آئینہ دکھا دے گی ، پی ٹی کی کون سی اسکیم ہے سوائے بد اخلاقی کے جو کامیاب رہی ہے ، پی ٹی آئی نے میڈیا کا گلا گھونٹا اور جمہوریت کے چمپیئن بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور متحدہ قومی مومنٹ جو ایک دوسرے کے دشمن تھے اب پیپلزپارٹی کی دشمنی میں دوست بن چکے ہیں ، سندھ حکومت نے متحدہ کے ادوار سے زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں ، آئندہ الیکشن پی ٹی آئی کو نہ صرف شکست ہوگی بلکہ ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہوجائیں گی۔
وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے ہجرتی پرندے کسی اور طرف جا کر بیٹھیں گے ، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ مہنگائی کی شرح کم ہے ، فواد کو مشورہ دیتا ہوں کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پڑھ کر دیکھیں کے مہنگائی کی شرح روزانہ کتنی بڑھ رہی ہے۔