صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس استاد کے تشدد سے ہلاک ہونے والے طالب علم حافظ حنین کے گھر پہنچ گئے
لاہور : قتل کے بعد وفا کی تو کیا کی ! صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی نجی سکول میں استاد کے تشدد سے ہلاک ہونے والے طالب علم حافظ حنین کے گھر پہنچ گئے ، مراد راس نے مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور انھیں انصاف کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن راوی میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے امریکن لائسٹف سکول میں ٹیچر کے تشدد سے ہلاک ہونے والے طالبعلم حافظ حنین کے گھر کا دورہ کیا، اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن پرویز اخترخان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرزا غلام حسین بھی ہمراہ تھے۔ مرحوم طالبعلم کے والد محمد بلال نے انصاف میں حائل روکاٹوں سے وزیر تعلیم کو آگاہ کیا،
ذرائع کے مطابق اس موقع پر حافظ حنین کے والد محمد بلال کا کہنا تھا کہ سبق یاد نہ کرنے پر طالبعلم کی جان لے لینا انصاف نہیں، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی آمد پر مرحوم حافظ حنین کے دوستوں نے بھرپور احتجاج کیا اورٹیچر کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مراد راس نے مرحوم کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ قاتل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مراد راس کا کہنا تھا کہ بچے پر ظلم کر کے قتل کرنے والا شخص کوئی استاد نہیں سفاک درندہ ہے، ڈاکٹر مراد راس نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد ساندہ تھانہ کا بھی دوہ کیا اور پولیس حکام کو ملزم کے خلاف قانون کے مطابق ہر ممکن کاروائی کرنے کی ہدایت کی