سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) برائلر مرغی کی قیمتوں میں خوفناک اضافہ ، سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں برائلر مرغی کی خرید و فروخت بند ، دکانداروں نے ہڑتال کر دی

تفصیلات کے مطابق میاں طاہر جاوید مرکزی صدر پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے احتجاجی ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برائلر مرغی کی خرید و فروخت احتجاجاً بند کردی گئی ہے اور پنجاب بھر میں مرغی کی سپلائی ، خرید و فروخت اور دکانیں مطالبات منظور ہونے تک مکمل بند رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ برائلر مرغی کے نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے اور انتظامیہ خریداری سے بھی کم ریٹ پر گوشت فروخت کرنے پر مجبور کر رہی ہے ۔ جس سے دکانداروں کا معاشی استحصال ہو رہا ہے ۔

دکاندار یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے مظاہرین نے کہا کہ ایک دن کے چوزہ ، فارم ریٹ اور فیڈ کی قیمتوں میں ہوشربا ناجائز اضافہ کی وجہ سے فی کلو گوشت کے نرخ 800 روپے کلو تک جا پہنچے ہیں ۔ جس سے سپلائر اور دکاندار مشکلات کا شکار ہیں اور برائلر مرغی کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے ۔

حکومت اور انتظامیہ کی بار بار توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی ہے مگر کوئی مطالبات پر توجہ دینے کو تیار نہیں ہے ۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو مزید احتجاج کریں گے

Shares: