مسلسل بارش سے نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی
اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیر کی رات سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کی وجہ سے نالہ لئی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ نالہ لئی پر خطرے کے سائرن بھی بجا دیئے گئے ہیں۔
سماء کے مطابق: پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے، پاک فوج کے دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے نالہ لئی پرموجود ہیں، ریسکیو 1122 کا عملہ بھی گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی پر موجود ہے۔
واسا کا عملہ متحرک ہوگیا ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہائو 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 9 فٹ ہے، شہر میں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد، راول پنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ مری، وزیرآباد، گجرات سیالکوٹ اور دیگرشہروں میں بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے، بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔