مشیر خزانہ نے مزید کتنے سیل پوائنٹ ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا

مشیر خزانہ نے مزید کتنے سیل پوائنٹ ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے 20 ہزار پوائنٹ آف سیل کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دورے کے موقع پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بات چیت کے دوران دی۔ انہوں نے ٹیکس وصولیوں میں بہتری پر ایف بی آر حکام اورعملے کی تعریف بھی کی۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے دورے کے دوران ٹیکس وصولیوں کے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مشیر خزانہ نے حکام سے کہا کہ ایف بی آر اور تاجروں کے مابین معاہدے پرعملدرآمد کرکے ٹیکس بیس بڑھائی جائے۔ انہوں ںے ہدایت کی کہ ٹیکس ری فنڈ کی فوری اور مکمل ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے واضح طور پر کہا کہ ٹیکس بیس کو وسعت دینے کے لیے عوام اور فریقین سے مؤثر رابطے کیے جائیں۔چیئرمین ایف بی آر نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بتایا کہ پہلی ششماہی میں 21 لاکھ 68 ہزار ٹیکس ریٹرنز داخل ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جنوری 2020 کے آخر تک مزید چھ لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع ہوسکتی ہیں۔

شبر زیدی نے دوران بریفنگ کہا کہ انکم ٹیکس کی مد میں 21 فیصد، سیلز ٹیکس کی مد میں 34 فیصد اور ایف ای ڈی کی مد میں 25.6 فیصد زائد وصولیاں ہوئی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی کاوش کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک ٹیکسز کی مد میں 934.5 ارب کے مقابلے میں 1172 ارب کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

Comments are closed.