مسلم لیگ ن کے شعلہ بیاں رہنما سینیٹر مشاہد اللہ سپردخاک

0
43

مسلم لیگ ن کے شعلہ بیاں رہنما سینیٹر مشاہد اللہ کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کردی گئی جس میں سیاسی رہنماؤں،کارکنوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداللہ خان دسمبر 2020 میں شدید علیل ہوگئے تھے جنہیں اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ سینیٹر مشاہداللہ خان ڈھائی ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم گزشتہ رات ان کی طبیعت بگڑگئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے ۔ سینیٹر مشاہداللہ خان کی نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین ایچ الیون کے قبرستان میں کی گئی۔ برجستگی اور بزلہ سنجی اور برمحل جملے کے بعد گونج دار قہقہے مارنے کے لیے مشہور زندہ دل اور باغ و بہارشخصیت کے مالک سینیٹر مشاہد اللہ خان کی نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفرالحق ،اقبال ظفرجھگڑا، سردار ایاز صادق ، مصدق ملک، جے یوآئی کے رہنما مولانا عطاالرحمان، انجم عقیل خان، سردار مہتاب عباسی،پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفٰی نواز کھوکر، پی ڈی ایم کے رہنما شاہ اویس نورانی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

Leave a reply