بھارت میں پولیس گردی۔ ایس ایچ او نے مسلم خاتون کوزبردستی ہندو بنا کر شادی کرلی
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریبی علاقہ نوئیڈا میں ایک تھانہ کے ایس ایچ او منیش چوہان نے مبینہ طور پر ایک 23 سالہ مسلمان خاتون کواغوا کر کے اسے زبردستی ہندو مذہب اختیارکرنے پرمجبور کیااوراس سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق علاقہ پریاگ راج سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون تقریبا دو ماہ قبل 22 فروری کو لاپتہ ہو گئی۔ خاتون کے گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی اور مقامی تھانے میں رپورٹ بھی درج کرائی لیکن خاتون کی بازیابی میں کامیابی نہ ہوسکی۔
گزشتہ روز مذکورہ خاتون مقامی عدالت میں پیش ہو گئی جہاں اس نے بیان دیا کہ اس نے اسلام کو چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کر لیا ہے اور اپنی مرضی سے منیش سے شادی کر لی ہے۔ اس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ اپنے والدین کے گھر نہیں جانا چاہتی جب کہ اب اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او منیش نے اسے زبردستی عدالت میں پیش کرایا اور اپنے حق میں بیان دلوایا جب کہ اس کی عدالت میں پیشی کے وقت پولیس کے کئی سپاہی وہاں موجود تھے جو اس خاتون کو کسی سے بھی ملنے سے روکنے کے لئے عدالت میں آئے تھے۔ عدالت نے خاتون کو اپنے ہندو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔