کوئٹہ: نگران بلوچستان حکومت نے ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی ہونے سے پنجگور میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کردیا۔
باغی ٹی وی: وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ حکام کے مطابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جاں بحق ہونے والی 2 خواتین کے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی کے احکامات جاری کردیے پنجگور میں ایرانی دراندازی کے نتیجے میں زخمی ہونے والی بچیوں کو بھی معاوضے کی ادائیگی ہوگی۔
حکام سی ایم سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر پنجگور کو جاں بحق خواتین اور زخمی بچیوں کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے فوری کارروائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔
واضح رہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کی سرحد سے منسلک علاقے پنجگور میں میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھےایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے کالعدم تنظیم جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوئی تھیں پاکستان نے جواب میں ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنےکا اعلان کیا ہے۔