نادیہ جمیل بریسٹ کینسر سے مکمل طور پر صحتیاب ہو گئیں

نادیہ جمیل بریسٹ کینسر سے مکمل طور پر صحتیاب ہو گئیں #Baaghi

گزشتہ سال بریسٹ کینسر کا شکار ہونے والی پاکستان کی معروف اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل ایک سال سے زائد عرصے کے بعد اس مرض سے مکمل طور پر صحتیاب ہوگئیں۔

باغی ٹی وی : نادیہ جمیل نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں باضابطہ طور پر کینسر سے صحتیاب ہوگئی ہوں، شکر الحمداللہ، تمام ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں تاہم خوفناک کیموتھراپی کی وجہ سے میرے پیروں میں کچھ اعصابی نقصان ہوا ہے وہ بھی ٹھیک ہو جائیں گے-

نادیہ جمیل نے مداحوں کی محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور لکھا کہ میں اپنے تمام دوستوں اور اہلخانہ کی مشکور ہوں، ان کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کے کچھ دوست بشمول ثانیہ سعید، منیبہ مزاری، سلطانہ صدیقی اور عدنان صدیقی بھی میرے ساتھ کھڑے رہے۔

نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ صحتیابی کی جانب اپنے سفر میں، میں نے ان لوگوں کو چھوڑنے کا مشکل طریقہ سیکھا جو آپ کو چھوٹا اور بیگانہ محسوس کرواتے ہیں اور ان کو قبول کرنا سیکھا جو محبت اور عزت کرتے ہیں ساری شہرت اور نام کائنات کی اسکیم میں کچھ بھی نہیں ہے اور آخرکار ہم سب نے ایک دن مٹی میں ہی دفن ہونا ہے-

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے نئے دوست اور فیملی بنائی جن سے میں زندگی سے جڑی ہوں، خون سے نہیں، جنہوں نے کینسر اور عالمی وبا کے دوران آئسولیشن میں میرا ساتھ دیا، یہ عظیم لوگ بہت بڑی نعمت ہیں۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے لکھا کہ ‘آخر میں، میں خود کھڑی ہوئی ہوں، یہ میری سانس ہے جو مجھے زندہ رکھتی ہے اور میں خود اپنی حفاظت کرتی ہوں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ اندھیرے پھر اتریں گے، ایسا ہونا ہے کہ اندھیرے کے بغیر روشنی کیا ہے لیکن وہ وقت دوبارہ گزر جائے گا۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ اگرچہ میں دوبارہ اس مرض کا شکار ہوتی ہوں میں جانتی ہوں کہ مجھ میں دوبارہ کھڑا ہونا سیکھنے کی خواہش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں جب بھی گروں گی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر اٹھ کھڑی ہوں گی، چاہتی ہوں کہ مجھے ہمیشہ سچائی، مہربانی، عاجزی، احترام، پیار کا راستہ دکھایا جائے اور پھر اس پر چلنے کا طریقہ اور خواہش بھی پیدا ہو۔

نادیہ جمیل کی اس پوسٹ پر جہاں مداھوں نے نیک تمناؤں اور خوشی کا اظہار کیا وہیں لیلیٰ واسطی اور ثانیہ سعید نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا-

خیال رہے کہ نادیہ جمیل گزشتہ برس اپریل میں بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور انہوں نے لندن کے ایک معروف ہسپتال میں علاج شروع کروایا تھا۔

Comments are closed.