پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے شوہر نے اُنہیں ویلنٹائن ڈے کا تحفہ دیا-
باغی ٹی وی : اس حوالے سے نادیہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر کے کولاج کی ایک ویڈیو شیئر کی مذکورہ ویڈیو میں نادیہ خان کے ہمراہ اُن کے شوہر فیصل ممتاز راؤ، بیٹے اذہان اور بیٹی علیزے کو دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں نادیہ خان کے ہاتھ لال گلاب اور چاکلیٹ کا ایک ڈبہ بھی ہے جو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر اُنہیں اُن کے شوہر کی جانب سے بطورِ تحفہ دیا گیا ہے۔
نادیہ خان نے یہ دلکش ویڈیو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’بہت خوشی ہوتی ہے کہ جب آپ کے بوائز آپ کو تحفے میں پھول اور چاکلیٹس دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نادیہ خان کے شوہر فیصل ممتاز کی سابقہ اہلیہ لبنیٰ کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں اُنہوں دعویٰ کیا تھا کہ وہ فیصل کی دوسری اور نادیہ خان تیسری بیوی ہیں جبکہ ان دونوں سے قبل فیصل نے شمع نامی خاتون کے ساتھ شادی کی تھی اور اس سے بھی ان کی علیحدگی ہوچکی ہے لیکن یہ آن دی ریکارڈ ہے، آف دی ریکارڈ مجھے نہیں معلوم فیصل نے مزید کتنی شادیاں کی ہوئی ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ شادی کے آٹھ ماہ بعد ہی ہم دونوں میں علیحدگی ہوگئی اور دلچسپ بات یہ تھی کہ ہماری طلاق کے اگلے ماہ ہی انہوں نے نادیہ خان کے ساتھ منگنی کرلی ان کا کہنا تھا کہ ہم دو عورتوں کی زندگیاں برباد ہوچکی ہے، جھوٹ بولا ہے اور فراڈ کیا ہے، میں دعا کرتی ہوں کہ اب یہ سب کچھ نادیہ خان کے ساتھ نہ کریں۔
واضح رہے کہ نادیہ خان گزشتہ ماہ ریٹائرڈ پی اے ایف آفیسر اور فائٹر پائلٹ فیصل ممتاز راؤ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔