ناجائز اثاثے والوں کی تمام تکلیف ذاتی ہے،عوام کے درد کا ڈھونگ رچاتے ہیں ،

0
43

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ایڈوائزر آصف محمود نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہناجائز اثاثوں والوں کی تمام تکلیف ذاتی ہے؛ عوام کے درد کا ڈھونگ رچاتے ہیں،ترچھی ٹوپی والی سرکار ایک دھیلے کی کرپشن پر بھاشن دیتے تھے؛ آج اربوں کی ثابت ہوئی،تبدیلی یہ ہے کہ ظل سبحانی کے قبضے سے چھڑا کر سیاحتی مقامات کو عوام کیلئے کھولا،سیاحت کا فروغ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ترجیحات میں شامل ہے،معیشت کی بہتری اور استحکام کیلئے ٹورازم نہایت اہمیت کی حامل ہے،ہفتہ رحمت اللعالمین ہماری بخشش کا زریعہ بنے گا،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سروسز ہسپتال میں چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی

پاکستان اور پنجاب سیاحتی مقامات کے حوالے سے دنیا میں اپنی پہچان رکھتے ہیں۔پہلی حکومت ہے جو سیاحت کو اولین ترجیحات میں رکھتی ہے اور تاریخ کی پہلی سیاحتی پالیسی تشکیل دی۔تحریک انصاف کی حکومت میں تبدیلی یہ آئی ہے کہ ظل سبحانی اور اولاد و خاندان سے قبضہ چھڑوا کر سیاحتی مقامات کے ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھولے۔ ترچھی ٹوپی والی سرکار ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کرنے کا کہتے تھے یہاں تو نیب نے اربوں کی منی لانڈرنگ دکھا کر انکا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایڈوائزر برائے سیاحت آصف محمود کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر آصف محمود کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے پنجاب میں پہلی بار سیاحتی پالیسی متعارف کروائی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 176 سیاحتی مقامات پر موجود ریزارٹس اور ریسٹ ہاؤسز کو مراعات یافتہ طبقے سے چھڑوا کر عوام کیلئے کھولا۔ورلڈ بینک اور دیگر عالمی اداروں کی مشاورت سے پنجاب میں 8 نئے سیاحتی مقامات پر ماسٹر پلاننگ اور فیزبیلٹی پر کام کر رہے ہیں۔لاہور اور ٹیکسلا میوزیم کو بھی اپ گریڈ کر رہے ہیں۔سیاحت کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل کو اپنا رہے ہیں تاکہ بہترین نتائج برآمد ہوں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ جو انگلی ہلا ہلا کر کہتے تھے کہ اگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں آج نیب کورٹ میں انکی کرپشن کی تمام داستانیں بیان ہوئیں۔آج ترچھی ٹوپی والی سرکار پر فرد جرم عائد ہو گئی جس کے بعد عوام کے سامنے انکا اصل چہرہ ظاہر ہو گیا ہے۔ آج کھربوں کی منی لانڈرنگ میں ملوث خاندان کی نقاب کشائی ہوئی ہے۔ان لوگوں کو قوم کا درد نہیں تھا یہ ذاتی درد ہے جو پی ڈی ایم کی شکل میں نظر آ رہا ہے۔ جو شخص جتنا زیادہ عوام کے غم میں نڈھال نظر آ رہا ہے اسے اپنے ناجائز اثاثوں اور زرائع آمدن کی اتنی ہی زیادہ پریشانی لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں عوام کا پیسہ ذاتی عیاشیوں پر خرچ کرتے رہیں۔ ایک قبضہ گروپ کی طرح انہوں نے عوام کے پیسوں پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ سیاحت کے لئے قائم ریزوٹس پر عوام کی رسائی نہیں تھی لیکن اب تبدیلی کے ثمرات عوام تک منتقل کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ہفتہ رحمت اللعالمین منانے کا اعلان کیا جو ہماری بخشش کا باعث بنے گا. بعدازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سروسز ہسپتال میں سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ دیکھ کر دلی تسلی ہوئی کہ چوہدری شجاعت روبہ صحت ہیں۔سیاست میں بردباری اور رکھ رکھاؤ چوہدری شجاعت کی پہچان ہے اور پاکستانی سیاست کو صحت مند توانا رکھنے کیلئے چوہدری شجاعت جیسے بردبار سیاست دان ضروری ہیں۔                   

Leave a reply