نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ
محکمہ داخلہ سندھ نے نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی۔
سندھ میں امتحانی مراکز پر نقل اور پرچہ آؤٹ ہونے کے واقعات پر محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز پر عام شہریوں کے جانے پر پابندی ہوگی، ایڈمٹ کارڈ والے طلبا اور ڈیوٹی اسٹاف کو امتحانی مراکز پر جانے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امتحان کے اوقات میں موبائل فون بھی استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ تھانوں کی حدود میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاوہ ازیں امتحانی مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشین والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج بھی دسویں جماعت کا ریاضی اور نویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ مقررہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا تھا۔
ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ پرچے بورڈ سے نکلنے کے بعدبورڈ کی ذمہ داری ختم ہوجاتی ہے، امتحانی مرکز کی ذمہ داری ہے پرچہ باہر نہ نکلے، تمام مراکز پر پرچہ بروقت پہنچایا گیا تھا۔