ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) انسداد سموگ آگاہی مہم جاری، عملی اقدامات سے انتظامیہ کی دوری پر عوام کا شکوہ

تفصیل کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب میں انسداد سموگ کے حوالے سے آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ضلعی افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور شہریوں اور تاجران میں فیس ماسک تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی ماسک فراہم کیے اور سموگ کے نقصانات سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں شہریوں میں ماسک تقسیم کیے جا رہے ہیں اور انہیں سموگ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ سموگ کے خاتمے کے لیے 30 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اس حوالے سے سموگ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

تاہم دوسری جانب عوام اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ روکنے کے عملی اقدامات میں انتظامیہ کوتاہی برت رہی ہے۔ دھان کی فصل کے باقیات کو جلانا، دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں، بھٹے اور فیکٹریاں سموگ کے بڑے عوامل ہیں مگر ان کے خلاف ابھی تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور سموگ پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: