ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہسپتال مریضوں کے لیے عذاب،ایماندار ایم ایس بے بس،ڈاکٹرز غائب

تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دیانتدار قائم مقام ایم ایس سرجن ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی تعیناتی کے باوجود ہسپتال میں ڈاکٹرز کا ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوامی اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال میں آنے والے مریض اور ان کے لواحقین بے سہارا ہو کر رہ گئے ہیں۔ اگر ڈاکٹروں کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا جائے تو متعدد کہانیاں سامنے آئیں گی۔ گزشتہ دور میں ہسپتال مافیا نے غیر حاضر ڈاکٹرز کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا مگر اب موجودہ صورتحال نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔

عوامی حلقے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، سیکرٹری ہیلتھ، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کر رہے ہیں تاکہ ہسپتال کی بگڑتی صورتحال کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔ مریضوں کی زندگیوں کی بہتری اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

Shares: