ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ادویات کا شدید بحران، مریض پریشان

ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ادویات کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے۔ اس بحران کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مریضوں کو ہسپتال میں دستیاب نہ ہونے والی ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ہسپتال کے ذرائع کے مطابق، آؤٹ ڈور، ایمرجنسی، پیڈز وارڈ، سی سی یو، آرتھوپیڈک وارڈ اور گائنی وارڈ سمیت دیگر تمام وارڈز میں ادویات کی شدید کمی ہے۔ اس صورتحال سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

حالیہ تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر راؤ محمد تسلیم اختر کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ایم ایس ڈاکٹر عمران شاہ کو بار بار اس مسئلے سے آگاہ کیا ہے لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔

مریضوں کے لواحقین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ادویات کی کمی کو پورا کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Leave a reply