مزید دیکھیں

مقبول

ننکانہ : ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں، تمام ادارے متحرک

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں رات گئے ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران موجود تھے، جبکہ ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

فرضی ہنگامی صورتحال کا سائرن بجتے ہی امدادی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے صرف دو منٹ میں جائے وقوعہ پر رسپانڈ کیا، جبکہ دیگر ادارے پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئے۔ مشقوں کے دوران زخمیوں کو فوری طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران بلڈنگ میں پھنسے افراد کو نکالنے، شہریوں کو چھتوں سے محفوظ طریقے سے اتارنے اور آگ بجھانے کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔

ان مشقوں کا مقصد ضلعی اداروں کی استعداد، تیاری اور باہمی ہم آہنگی کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے مشقوں کے اختتام پر تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور افسران و اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جا کر مشقوں کے دوران فرضی زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کی صورت میں پاک افواج اور سول ادارے مل کر ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مادرِ وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

مشقوں کے اختتام پر پنڈال "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، جو عوام کے جذبہ حب الوطنی اور اداروں کی قربانیوں کے اعتراف کا مظہر تھا۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں