ننکانہ:ضلعی ہیڈکوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس کا ماہانہ کارکردگی کاجائزہ اجلاس
ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں ماہانہ کارکردگی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد فہد امین، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر ریسکیو افسران نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران کنٹرول روم انچارج محمد نوید نے بتایا کہ اکتوبر کے مہینے میں مجموعی طور پر 10,771 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3,206 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ایمرجنسی کالز میں 740 سڑک حادثات، 1,997 میڈیکل ایمرجنسیز، 24 آگ لگنے کے واقعات، 67 لڑائی جھگڑے اور 378 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔ ریسکیو 1122 نے تیز ترین ریسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے 3,206 ایمرجنسیز میں 3,201 متاثرین کو بچایا۔ ان میں سے 1,135 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 1,999 کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ان حادثات میں بدقسمتی سے 67 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے عوام سے اپیل کی کہ فوگ سیزن میں احتیاطی تدابیر اپنائیں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس اور چمکدار ٹیپ کا استعمال کریں، اور رفتار مناسب رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر جان لیوا حادثات کو روکنے کے لیے کماد سے بھری ٹرالیاں سرخ روشنی کی پٹیاں لگائیں تاکہ ان کی موجودگی کا بروقت اندازہ ہوسکے۔