ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) معروف عالم دین قاری مشتاق احمد کے تحقیقاتی مکالمے "سیرت رحمت اللعالمین” نے ملک بھر میں منعقدہ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس مقابلے میں قاری مشتاق احمد کے تحقیقی مقالے "سیرت رحمت اللعالمین” کو ملک بھر میں اول قرار دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایک پروقار تقریب کے دوران ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دے کر سرفراز کیا۔ اس قومی سطح کے مقابلے میں ایک ہزار سے زائد علماء کرام اور مختلف جامعات کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا تھا۔

سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رائے ملازم حسین کھرل المعروف عبداللہ مجاہد نے قاری مشتاق احمد سے ان کی اس عظیم کامیابی پر ملاقات کی اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رائے ملازم حسین عبداللہ مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ قاری مشتاق احمد اپنے زمانہ طالب علمی سے ہی ایک محنتی اور باصلاحیت انسان رہے ہیں اور ملکی سطح پر یہ شاندار کامیابی انہیں مزید ممتاز بناتی ہے، جس پر ہم سب فخر محسوس کرتے ہیں اور اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔

Shares: