ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ننکانہ ڈاکٹر قیوم خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ڈاکٹر صائمہ ظفر علی خان نے ضلع ننکانہ کے مختلف اسکولوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد اسکولوں میں اساتذہ کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری اور تعلیمی معیار کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر قیوم خان نے گورنمنٹ ہائی اسکول پدی پور اور گورنمنٹ ہائی اسکول نبی پور پیراں کا معائنہ کیا، جبکہ ڈاکٹر صائمہ ظفر علی خان نے گورنمنٹ ہائی اسکول کھیاڑے کلاں کا سرپرائز وزٹ کیا۔ دونوں افسران نے اسکولوں کے رجسٹرز اور ریکارڈ چیک کیے اور مختلف کلاسز کا معائنہ کیا تاکہ تدریسی عمل کی پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
افسران نے طلبہ سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں سوالات کیے اور ان کی تعلیمی دلچسپی کا اندازہ لگایا۔ اساتذہ کو ڈسپلن اور تعلیمی معیار پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر اسکول کے سربراہان نے ہیرو گروپ سیکشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، جس میں تعلیمی و تربیتی اہداف پر بات کی گئی۔
یہ ہنگامی دورے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے کہ تعلیمی نظام بہتر طریقے سے چل رہا ہے اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ افسران نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ تدریس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوالٹی ایجوکیشن پر فوکس کریں۔