اردو کی معروف پاکستانی شاعرہ نرجس افروز زیدی کا جنم دن

آغا نیاز مگسی
0
100

ہزار نام محبت میں رکھ دیے تو نے
میں چاہتی ہوں مرے نام سے پکار مجھے

نرجس افروز زیدی

19 اکتوبر : یوم پیدائش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تعارف: آغا نیاز مگسی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اردو کی معروف پاکستانی شاعرہ نرجس افروز زیدی صاحبہ 19 اکتوبر 1964 میں پشاور میں پیدا ہوئیں۔ مادری زبان اردو ہے ۔ وہ 6 بہنیں ہیں ۔ ان کے والد صاحب کا نام مزمل حسین زیدی والدہ محترمہ کا نام حاجرہ بی بی اور خاوند محترم کا نام محمد علی ارشد ہے۔ والد صاحب محکمہ ٹیلیفون میں ملازم تھے اور شوہر محکمہ سول ایوی ایشن میں ملازم ہیں وہ خود گھریلو خاتون ہیں ۔

انہوں نے پشاور سے کامرس گریجویشن کیا ہے۔ شاعری انہوں نے اسکول کے زمانے سے شروع کی ۔ 1984 میں شادی ہوئی جس کے بعد وہ کراچی شفٹ ہو گئیں۔ ماشاء اللہ ان کے 3 بچے ہیں جبکہ ان کے 3 شعری مجموعے 1 ۔ نازش 2۔ ابریشم 3 . محبت آسماں ہے ” شائع ہو چکے ہیں۔ وہ حلقہ ارباب ذوق اسلام آباد کی متحرک اور فعال رکن ہیں اورآجکل کراچی میں سکونت پذیر ہیں۔

غزل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترے خیال، ترے خواب، تیرے نام کے ساتھ
بنی ہے خاک مری کتنے اہتمام کے ساتھ

بہت سے پھول تھے اور سارے اچھے رنگوں کے
صبا نے بھیجے تھے جو کل ترے پیام کے ساتھ

نظر ٹھہرتی نہ تھی اس پہ اور خود پر بھی
میں آئینے میں تھی کل ایک لالہ فام کے ساتھ

ترے خیال سے روشن ہے سر زمین سخن
کہ جیسے زینت شب ہو مہ تمام کے ساتھ

پھر آ گئی ہے مرے در پہ کیا وہی دنیا؟
میں کر کے آئی تھی رخصت جسے سلام کے ساتھ

سنا ہے پھول جھڑے تھے جہاں ترے لب سے
وہاں بہار اترتی ہے روز شام کے ساتھ

خوشی کے واسطے کب کوئی دن مقرر تھا
مگر یہ دل میں رکی ہے ترے خرام کے ساتھ

Leave a reply