سابق وزیر اعظم صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا غیر معمولی اجلاس سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے قومی اسمبلی کا غیر معمولی اجلاس سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس ساڑھے سات بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم نے وفاقی وزراء اور اسپیکر کے ساتھ پوری رات مذاکرات کیے، اسپیکر نے آج ووٹنگ کروانے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو توہین عدالت سے بچانا چاہتے ہیں، افطار کے بعد ووٹنگ کرانے کا وعدہ کیا گیا، حکومت اکثریت کھو چکی ہے، سپریم کورٹ کی توہین نہ کریں۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کو ملک رہنے دیں جنگل نہ بنائیں، ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، کسی سازش کا حصہ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نہیں آئے جب کہ اپوزیشن کے بینچز بھرے نظر آئے
ادھر آج خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد ہونا ہی ہونا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد ہونا ہی ہونا ہے، رات بارہ بجے تک وقت ہے، ہم انتظار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وقت ختم ہونے کے بعد عدالت سے رجوع کریں گے۔