دبئی :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل ہارنے کے بعد قومی ٹیم کی بنگلہ دیش ہجرت کی تیاریاں ،اطلاعات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد قومی ٹیم کا ورلڈکپ کا سفر اختتام ہوا۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ ورلڈکپ میں شکست کے بعد اب پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ کی رات کو دبئی سے بنگلادیش ہجرت کرجائےگی جبکہ کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16 نومبر کو بنگلا دیش میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 19 نومبر سے ڈھاکا میں شروع ہوگی۔سیریز کے تینوں میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے قومی اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے،محمد حفیظ کی جگہ افتخار احمد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم آسٹریلوی قلعہ فتح کرنے میں ناکام رہی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی جبکہ آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گیا۔

پاکستان نےآسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، محمد رضوان 67 اور فخر زمان 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا نے 177 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم کو شکست دی۔ میتھیو ویڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Shares: