پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ صبا قمر اور اداکار نعمان اعجاز کی زی فائیو پر جلد ریلیز کی جانے والی ویب سیریز ‘من جوگی’ کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔
باغی ٹی وی : اس حوالے سے صبا قمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ساتھی اداکار آغا مصطفیٰ کے ساتھ موجود ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ویب سیریز من جوگی مکمل ہو گئی ہے-
صبا قمر نے ویب سیریز ‘من جوگی’ میں ساتھی اداکار آغا مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی شیئر کیا اور کہا کہ آپ کے ساتھ کام کرنا بے حد اچھا رہا، آپ ایک بہترین کو اسٹار ہو، صدا خوش رہو۔ ساتھ ہی اداکارہ نے ہیش ٹیگ من جوگی بھی استعمال کیا-
صبا قمر کی اس پوسٹ پر رد عمل دیتے ہوئے اداکار آغا مصطفیٰ نے کہا کہ آپ کے ساتھ کام کرنا میرے کیریئر کا سب سے بہترین تجربہ رہا ہے، آپ ایک رحم دل اور بہترین انسان ہیں جس نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ ہم نے جو محنت کی ہے اس کا نتیجہ کیسا دکھتا ہے۔
خیال رہے کہ ‘من جوگی’ کی ہدایت کاری کاشف نثار نے دی ہے جب کہ اس کی کہانی ساجی گُل نے لکھی ہے اور پاکستانی ویب سیریز چڑیلز اور ایک جھوٹی لو اسٹوری کی طرح اسے زی فائیو پر ریلیز کیا جائے-
ویب سیریز میں اداکارہ صبا قمر، اداکار نعمان اعجاز، عظمیٰ حسن، گل راعنا اور آغا مصطفیٰ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔