سابق وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف کے پوتے، حافظ زید حسین نواز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ کلامِ پاک کی تلاوت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیا، جس میں وہ اپنی خوبصورت آواز میں سورة الرحمٰن کی تلاوت کر رہے ہیں۔ ان کی تلاوت کی یہ ویڈیو دیکھ کر مداحوں نے اُن کی آواز کی بہت تعریف کی ہے۔
https://x.com/PMLNTigerspak/status/1872498342548447622
واضح رہے کہ زید حسین نواز اپنی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں۔ آج (27 دسمبر) وہ اپنی دلہن کو لینے کے لیے جاتی امرا سے بارات لے کر ماڈل ٹاؤن جائیں گے۔ اس سے قبل 25 دسمبر کو جاتی امرا میں ان کی نکاح اور رسم حنا کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات میں تقریباً 500 مہمان مدعو تھے، جن میں سیاسی شخصیات، خاندان کے قریبی افراد اور دوست شامل تھے۔زید حسین نواز کا نکاح سابق وزیرِ اعظم کے قریبی دوست شیخ حبیب الرحمٰن کی صاحبزادی ایمن حبیب سے ہوا ہے۔ نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے منعقد ہوئی، جس میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
رسمِ حنا کے دوران معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی پرفارمنس پیش کی، جس سے محفل میں رنگ جچ گئے۔ شادی کی تقریب میں بین الاقوامی مہمان بھی مدعو ہیں، جن میں امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور بھارت سے بھی مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔
شادی کی تمام تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس کی جانب سے مہمانوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ رائے ونڈ اور جاتی امرا جانے والے راستوں کو خوبصورتی سے قمقموں سے روشن کیا گیا ہے تاکہ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
نواز شریف کے پوتے کی شادی کی تقریبات میں مختلف اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف، اور دلہا و دلہن کے خاندانوں کے قریبی رشتہ دار شامل تھے۔ پارٹی رہنماؤں میں مریم اورنگزیب اور خواجہ آصف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
شادی کی تمام تقریبات کے بعد 29 دسمبر کو ولیمہ کی تقریب منعقد کی جائے گی، جو لاہور کے جاتی امرا میں ہو گا۔ ولیمے میں 700 افراد کو مدعو کیا گیا ہے، جس میں خاندان کے افراد، سیاسی شخصیات اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گے۔ اس بڑی تقریب میں روایتی کھانوں اور مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔یہ شادی ایک بڑی تقریب کے طور پر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے، اور سوشل میڈیا پر اس کے حوالے سے تبصرے جاری ہیں۔