سابق وزیراعظم نوازشریف کی علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، وہ آج ائیر ایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ائیر ایمبولینس ابھی تھوڑی دیربعد پونے 9 بجے قطر سے لاہور پہنچ جائے گی۔ شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی نواز شریف کے ساتھ جائیں گے۔اطلاعات کےمطابق کرپشن کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف عدالت کی طرف سے ریلیف کی بنیاد پرآج صبح 10 بجے پاکستان چھوڑ جائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ہے۔دوسری طرف وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، میاں محمد نواز شریف اورشہبازشریف کوائیرپورٹ تک چھوڑنے کےلیے کچھ خاص دوست ہمراہ جائیںگے ، ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ نے بھی تیاری مکمل کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کیلئے ائیر ایمبولینس کو پاکستان آنےکی کلئیرنس جاری کردی گئی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ روانگی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے دوپہر ساڑھے 12بجے کی کلیئرنس لی گئی ہے تاہم نواز شریف کب روانہ ہوں گے اس کا حتمی فیصلہ ن لیگ ہی کرے گی۔ائیر ایمبولینس قطر کی ہے جو ائیر بس طیارے میں بنایا گیا ہے، ائیر ایمبولینس میں اسٹریچر کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہوتا ہے اور یہ ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے۔