ملزم محمد نوازشریف کوہرصورت پاکستان واپس لایا جائے : اسلام آباد ہائی کورٹ کا سیکرٹری خارجہ کوحکم

0
36

اسلام آباد :ملزم محمد نوازشریف کوہرصورت پاکستان واپس لایا جائے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا سیکرٹری خارجہ کوحکم،اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار نے سابق وزیراعظم نوازشریف کےوارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کو 22 ستمبر کو عدالت میں ان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 15 ستمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کےدوران ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

سیکریٹری خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نواز شریف کی 22 ستمبر کو صبح 11 بجے عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ بھیجے جائیں اور نواز شریف کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ میں پیش کیا جائے۔اسسٹنٹ رجسڑار کی جانب سے جاری حکم نامے میں خط بھی جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور طلبی کےتمام حکم نامے بھی برطانیہ ارسال کردیے گئے ہیں، نوازشریف کےوارنٹ گرفتاری پارک لین لندن کے پتہ پرارسال کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 15 سمتبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل عدالت کے دو رکنی بینچ نے نمائندے کے ذریعے اپیلوں کی پیروی کی درخواست بھی مسترد کی تھی۔

قبل ازیں عدالت نے 10 ستمبر کو مقدمے کی سماعت کے دوران نواز شریف کو سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ دوسری عدالت میں انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے جبکہ ان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔

Leave a reply