صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا خیال رکھنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، ہم سب کو اس نیک مقصد کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، اب ہم نئے پاکستان کی جانب سفر کر رہے ہیں

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا خیال رکھنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، ہم سب کو اس نیک مقصد کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست کا قیام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، پاکستان اپنا کٹھن وقت دیکھ چکا، اب ہم نئے پاکستان کی جانب سفر کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے لئے جدید علوم میں مہارت ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام فیصل آباد کے آئی ٹی طلباءمیں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کار خیر کا اسلامی معاشرے سے گہرا تعلق ہے، اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں کو زندگی میں ہمیشہ خوش دیکھا ہے، دین اسلام ہمیں عاجزی و انکساری کا درس دیتا ہے، بڑے لوگوں میں غرور نہیں ہوتا بلکہ انہیں جوابدہی کا خوف رہتا ہے، عظیم قائد ہمیشہ صادق و امین ہوتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشیمر کے معاملہ پر پاکستانی قوم نے بھرپور ردعمل دیا ہے تاہم دیگر مسلم دنیا کی قیادت کا ایسا ردعمل نہیں تھا، اس کی وجوہات ہیں، دنیا میں صرف اس کی بات سنی جاتی ہے جس کے پاس طاقت ہوتی ہے، بڑی مارکیٹ کو اصولوں پر ترجیح دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں انصاف کی آواز بلند کر رہا ہے تاہم اپنی آواز کو زیادہ موثر بنانے کے لئے اپنی معیشت کو بھی مضبوط کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرونی دنیا میں جس پراعتماد طریقے سے ناموس رسالت کا معاملہ اٹھایا اور ریاست مدینہ کو آئیڈل قرار دیا ہے وہ بڑی دل کی بات ہے، یہ پاکستانی قوم کے ابھرنے کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے اسے ایک بااعتماد اور باصلاحیت قیادت بھی مل گئی ہے، ایک نیا انصاف والا پاکستان بننا شروع ہو گیا ہے۔

Shares: