عمران خان نئے پاکستان کا تصور لے کر 2018 کے الیکشن میں داخل ہوئے بڑے بڑے دعوے اور وعدے کیے پاکستانی قوم کو الفاظ کے گورکھ دھندے میں پھنسا یا۔ سبز باغ دکھائے۔ فیاضی کا یہ عالم کے تمام پارٹیوں کے بھگوڑوں کے لئے بنی گالہ کے دروازے کھول دیے۔ سابقہ حکومتوں کی خوب درگت بنائی اور یوں کرکٹ کے سحر کو سیاست میں پیوست کر کے وہ ایک لولی لنگڑی۔ ٹیری تھتی اور توتلی حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ 1 جی ڈی اے 2 ایم کیو ایم 3 مسلم لیگ ق اور بی این پی مینگل کے تعاون سے وزیر اعظم کا لفظ عمران خان کے ساتھ لگ تو گیا مگر حالت یہ ہے کہ یہ چاروں ستون آ ئےروز آ گے پیچھے ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے نیازی صاحب ڈاواں ڈول ہوتے رہتے ہیں۔ حالت اتنی نازک ہے کہ ایک ستون بھی غائب ہو گیا تو تخت زمین بوس ہو جائے گا۔ عمران خان ماضی کی حکومتوں کو یہ کہتے تھکتے نہیں تھے کہ وہ وہاں فلاں فلاں پارٹی کی بلیک میلنگ کا شکار ہیں۔ مگر حقیقت کی نظر سے دیکھا جائے تو ملکی تاریخ کی بدترین بلیک میلنگ کا آجکل خان صاحب خود شکار ہیں۔ اتحادی جماعتوں میں سے کسی ایک کو چھینک بھی آجائے تو دو تین وفاقی وزرا جوشاندہ لے کر حاضر خدمت ہو جاتے ہیں۔ یوں یہ کہا جاسکتا ہے کہ نئے پاکستان والی حکومت کا پرانے پاکستان کی حکومتوں سے بھی برا حال ہے۔ میں بھی کبھی کبھی خواب دیکھتا ہوں جو حال ہی میں خواب آیا ہے وہ بڑا اندوناک ہے۔ آس خواب کے مطابق واقعی نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔ مودی حکومت کے بنائے گئے نئے قانون کے مطابق ہندوستان کے مسلمانوں پر ہندوستان کی زمین تنگ کی جارہی ہے۔ رجسٹریشن اور شناخت نام کا ثبوت مانگنے کی وجہ سے وہاں کے مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے۔ مودی حکومت اندریں خانہ یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ان کا گزارا مشکل ہے۔ زیادہ تر ہندو وہاں کے مسلمانوں کو پاکستان نواز اور دہشتگرد سمجھتے ہیں۔ مسلمانوں کے گھروں۔ سکولوں اور مساجد پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملے کرائے جا رہے ہیں۔ مجھے 1947 کا منظر یاد آ نے لگ گیا ہے اللہ خیر کرے کہیں انسانی المیہ تو رونما نہیں ہونے جا رہا ہے ؟ کیا تاریخ اپنے آپ کو دوہرانے جارہی ہے ؟ کیا پھر سے ریل گاڑیوں کی چھتوں پر لوگ سفر کریں گے ؟ کیا پھر سے قتل عام ہوگا؟ کیا پھر سے آباد کاری کی مہم چلے گی ؟ کیا دو قومی نظریہ اپنی خالصتاً شکل میں رونما ہونے جارہا ہے؟ کیا اب سارے مسلمان اکٹھے ہو جائیں گے؟ کیا خالص ہندوستان اور خالص پاکستان بننے جارہا ہے۔ کیا نیا پاکستان بننے جا رہا ہے.
twitter.com/joinwsharif7

Shares: