کراچی حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں مارک اپ کی شرح مزید کم کردی تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کردیں۔ اعلامیے کے مطابق حکومتِ پاکستان نے کم لاگت اور سستے مکان کے سلسلے میں ہاؤسنگ فنانس کی مارک اپ شرح کم کردی۔ اسکیم میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے مطابق پہلے اسکیم نے قرض لینے والوں کو تین سطحوں میں تقسیم کیا تھا۔ اب ایک نئی سطح ’سطح صفر‘ (Tier 0) اسکیم میں شامل کی گئی ہے تاکہ اسکیم کے تحت مائیکرو فنانس بینکوں کی شمولیت کو آسان بنایا جائے اور فی مکان 20 لاکھ روپے تک کا قرضہ جاری کیا جائے مائیکرو فنانس بینک کم آمدنی والے گھرانوں کو قرضہ دینے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں اسی لیے انہیں بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پہلے 5 سال کیلیے 3 فیصد اور آئندہ 5 سال کیلئے 5 فیصد مارک اپ سطح اول (نیفڈا کے منصوبوں کے تحت 5 مرلہ تک اور 850 مربع فٹ کورڈ رقبے والے ہاؤسنگ یونٹ) کے تحت حتمی صارف کا رعایتی مارک اپ ریٹ کم کر کے ابتدائی 5 برس کے لیے 3 فیصد اور اگلے 5 برس کے لیے 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ ریٹ بالترتیب 5 فیصد اور 7 فیصد تھا۔ اسکیم کی سطح دوم اور سطح سوم کے تحت چونکہ خصوصاً ابتدائی برسوں میں ہاؤسنگ یونٹوں کی رسد محدود رہنے کی توقع ہے اس لیے زیادہ سے زیادہ ایک سال پرانے ہاؤسنگ یونٹ کی شرط 31 مارچ 2023ء تک ختم کر دی گئی ہے۔ نیز، ہاؤسنگ یونٹ کی پہلی منتقلی پر پابندی اور ہاؤسنگ یونٹس کی زیادہ سے زیادہ مالیت کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔ فلیٹ اور اپارٹمنٹ کے زیادہ سے زیادہ کورڈ رقبے کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ زمینی ہاؤسنگ یونٹس کے معاملے میں کورڈ ایریا کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ سطح دوم کے تحت زیادہ سے زیادہ منظور شدہ فنانسنگ کو بھی 30 لاکھ روپے سے دگنا کرتے ہوئے 60 لاکھ روپے اور سطح سوم کے تحت 50 لاکھ روپے سے دگنا کرتے ہوئے 1 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ غیر نیفڈا (non-NAPHDA) منصوبوں کے تحت سطح دوم 5 مرلہ تک مکانات اور اپارٹمنٹس اور 1,250 مربع فٹ کے کورڈ ایریا کے لیے ہے جبکہ غیر نیفڈا منصوبوں کے تحت سطح سوم 10 مرلہ تک کے مکانات اور اُن اپارٹمنٹ کے لیے ہے جن کا کورڈ ایریا 2,000 مربع فٹ تک ہو۔مزید برآں اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کی موجودہ کم سے کم مدت کو 10 سال سے کم کرکے 5 سال کردیا گیا ہے۔ اس سے ان افراد کو مدد ملے گی جو قلیل مدتی قرضے چاہتے ہیں۔ نظرثانی شدہ مارک اپ سبسڈی کی سہولت ملک بھر کے بینکوں کے ذریعے دستیاب رہے گی۔اسکیم کے بنیادی پیمانوں میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ  حکومت نے 10 سالہ فنانسنگ کے حوالے سے مارک اپ سبسڈی ادائیگی کے لیے مختص مجموعی فنڈنگ بڑھا کر 36 ارب روپے کردی ہے اور اس سہولت کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 

Shares: