وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نظرثانی شدہ سسٹم منظور کرلیا، وزیراعظم نے بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی نئے نظام کی منظوری دی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹس کو نئے نظام میں تعاون کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیمیں رکھنے والے تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے گیارہ اداروں کو ہدایت نامہ بھجوایا گیا ہے۔

جن اداروں کو ہدایت نامہ بھجوایا گیاہے ان میں واپڈا،ایس این جی پی ایل،اسٹیٹ بینک،نیشنل بینک،کے آر ایل ،پی ٹی وی،زیڈ ٹی بی ایل،پی آئی اے،ریلوے اور سول ایوی ایشن شامل ہیں۔

اسی طرح پندرہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بھی چھ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے سیٹ اپ میں پنجاب سینٹرل،پنجاب سدرن،سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان اور ناردرن کے ریجنز اور ٹیمیں نئے سیٹ اپ میں شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے 9مئی کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور ریجنل کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح پیٹرینز ٹرافی گریڈ 2 میں ٹیموں کی تعداد 16 کردی گئی ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کی طرف سے کہا گیا تھا کہ قومی کرکٹرز کی غیر ملکی لیگ کرکٹ کھیلنے پر پالیسی واضح کردی ہے جس کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی ایک سال کے دوران 2 لیگز میں حصہ لے سکتے ہیں۔

Shares: