نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کا لاہور چیمبرآف کامرس کا دورہ
لاہور۔(اے پی پی)میجر جنرل آصف علی کی سربراہی میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس کا مطالعاتی دورہ کیا اور لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات کے دوران تجارتی و معاشی امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کے شرکاء کی جانب سے کئے گئے سوالات کے تفصیلی جواب دئیے۔ اس موقع پر لاہورچیمبر کے صدرعرفان اقبال شیخ نے وفد کو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کا مشن تاجر برادری کی خدمات اور ان کی سرگرمیوں کو بخوبی انجام دینے والا بہترین ادارے کے طور پر اپنا نام قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کو پاکستان کا پہلا آئی ایس او سے تصدیق شدہ چیمبر آف کامرس ہونے کا اعزاز حاصل ہے،لاہور چیمبر کے ممبران کی تعداد پچیس ہزار سے زائد ہے جو کہ صنعت و تجارت کے ایک بڑے حصے پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا ویژن باقائدگی سے کاروباری حجم، برآمدات اور ٹیکسز کی صورت میں ریوینیو میں اضافہ یقینی بناتے ہوئے سارک ممالک کا سب سے بہتر چیمبر آف کامرس بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعے تاجر برادری کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتا اور مختلف شعبوں پر مبنی قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے ان مسائل کا ممکنہ حل تجویز کر کے پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ لاہور چیمبر بجٹ تجاویز تیارکر کے حکومت کو ارسال کرتا ہے تاکہ ٹیکس بے ضابطگیوں کی اصلاح کی جاسکے اور نجی شعبے کے نمائندوں کو نئے کاروباری اقدامات کرنے میں حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر تجارتی میلوں، نمائشوں اور کاروباری وفود کا اہتمام باقاعدگی سے کیا جاتا ہے تاکہ لاہور چیمبر کے ممبران کو ان کے کاروباری حجم میں اضافے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے براہ راست تجارت سے منسلک اور دیگر شعبوں جیسے بینکنگ، تعلیم، سفارتی امور وغیرہ سے متعلق قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بہت سارے ایم او یو پر دستخط کر رکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ پاکستان کے اہم مفاد میں اپنے اثر و رسوخ کا بہترین استعمال کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔