نیپال:نجی ائیر لائن کا طیارہ اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد لاپتہ
نیپال میں نجی ائیر لائن کا طیارہ ہوا میں اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی لاپتہ ہو گیا بھارتی میڈیا کے مطابق کہ نجی ائیر لائن کے لاپتہ ہونے والے طیارے میں 22 افراد سوار تھے۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال میں لاپتہ ہونے والا نجی ائیر لائن کا طیارہ 43 سال پرانا تھا جو پوکھرا ائیر پورٹ سے پرواز کے 16 منٹ بعد نیپال کے شہر شیکھا پر 12835 فٹ کی بلندی پر 267 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہا تھا کہ اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ڈی ہیولینڈ کینیڈا DHC-6-300 ٹوئن اوٹر طیارےکی رجسٹریشن 9N-AET اور سیریل نمبر619 ہے اس طیارے نے اپنی پہلی پرواز اپریل 1979 میں کی تھی، اس حساب سے طیارہ 43 سال پرانا تھا طیارے میں 4 ہندوستانی اور 3 جاپانی شہری ہیں باقی کا تعلق نیپال سے ہے۔
طیارے کو نیپال کی نجی ائیر لائن تارا ائیر چلا رہی تھی، طیارے کے ممکنہ طور پر سطح سمندر سے 13 ہزار فٹ بلند پہاڑی سے ٹکرانے کا شبہ کیا گیا تاہم بعد ازاں خبریں سامنے آئیں کہ وہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ مستانگ کے شہر لارجنگ میں گر کر تباہ شدہ حالت میں دیکھا گیا ہےمقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی ہے کہ انہوں نے وہاں زوردار آگ کے شعلے دیکھے-
ریسکیو کے لیے بھیجا گیا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے پوکھرا واپس آگیا فوجی ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکے۔ دریں اثنا نیپال آرمی اور نیپال پولیس کی خصوصی ٹیمیں پیدل جائے حادثہ کیلئے روانہ ہو گئی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ طیارے میں عملہ سمیت 22 مسافر سوار تھے۔ اس سے پہلے تارا ایئر کے ترجمان سدرشن برتولا نے نیپال کے سب سے بڑے میڈیا ادارے کانتی پور کو بتایا کہ کیپٹن پربھاکر پرساد گھمیرے، کو پائلٹ اتسو پوکھرل اور ایئر ہوسٹس کسمی تھاپا فلائٹ میں سوار تھے۔