اسرائیل میں نیتن یاہو کےخلاف حکومت مخالف مظاہرے
اسرائیل کے بڑے شہروں میں حکومت مخالف مظاہرے ریکارڈ کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کےخلاف عوام سڑکوں پر اُمڈ آئے اور بڑے شہروں میں عوام نے مظاہرے کیے،تل ابیب میں مظاہرین پرکارچڑھادی گئی جس کی زد میں آکر پانچ افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے،مظاہرین اسرائیلی حکومت سے یرغمالیوں کو فوری چھڑانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا سمیت کئی یورپی ملکوں میں امریکی ‘ورلڈ سینٹرل کچن’ نامی ادارے کی 7 رکنی ٹیم کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ہلچل مچ گئی ہے۔ جو کام ہزاروں فلسطینی عورتوں اور بچوں کی لاشیں نہیں کر سکی تھیں وہ صرف سات جانوں کی ہلاکت سے کیے جانے کا تاثر ملنے لگا ہے۔ اسرائیل کے اتحادی اور کٹر حامی کئی ملکوں نے اس واقعہ کے بعد اسرائیل کو مزید اسلحہ سپلائی نہ کرنے کا سوچنا شروع کر دیا ہے۔