مسقط :ویسٹ انڈیز کا وارم اپ میچ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ ،اطلاعات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری طرف اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کا انتخاب کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی سے فائدہ ہوگا۔
وارم اپ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، آصف علی، محمد نواز، وسیم جونئیر، حارث رؤف، حسن علی، حیدر علی اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
T20 ورلڈکپ میں پاکستان کا دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔
ادھراطلاعات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے کپتان پیٹر سیلر کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ وکٹ کافی اچھی ہے اس لیے وہ پہلے بیٹنگ کرکے اچھا اسکور کرنا چاہتے ہیں تاکہ مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
بنگلا دیش میں 2014 کے ایڈیشن میں آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان ایک غیرمعمولی اور تاریخی مقابلہ ہوا تھا۔
میچ میں فتح آئرلینڈ کو سپر 10 مرحلے میں لے جا سکتی تھی اور اسی کوشش میں اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 189 رنز بنائے۔
اس مجموعے کے بعد آئرلینڈ کی فتح یقینی نظر آ رہی تھی جب کہ نیدرلینڈز کو نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سپر 10 مرحلے میں پہنچنے کے لیے اس ہدف کو 14.2 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔
کسی کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ ہدف صرف 13.5 اوورز میں ہی حاصل کر لے گی جس سے وہ اپنی حریف ٹیم اور اور زمبابوے دونوں سے اوپر پہنچ جائے گی۔میچ میں نیدرلینڈز کے اسٹیفن مائبرگ نے 23 گیندوں پر 63 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔
خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا راؤنڈ ابوظہبی اور عُمان میں جاری ہے جہاں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے میچ میں نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جب کہ دوسرے میچ میں سری لنکا کا مقابلہ نمیبیا سے ہوگا۔
گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے بنگلا دیش کو 6 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا تھا جب کہ عمان نے پاپوا نیوگنی کو شکست دی تھی۔