پاکستان کرکٹ بورڈ ( پي سي بي ) کي کوششيں رنگ لے آئي۔ ويسٹ انڈيز، بنگلاديش اور سري لنکا کے بعد کرکٹ نيوزي لينڈ نے پاکستان ميں کھيلنے پر رضا مندي ظاہر کردي۔ جس کے بعد پي سي بي نے دورے کے شيڈول کا اعلان کرديا۔ نيوزي لينڈ کرکٹ ٹيم اگلے ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گي۔ جس ميں تين ون ڈے ميچز اور پانچ ٹي ٹوئنٹي ميچز کھيلے جائيں گے۔
پاکستان اور نيوزي لينڈ کے درميان وائٹ بال سيريز کي ميزباني لاہور اور راولپنڈي کريں گے۔ ون ڈے سيريز پنڈي کرکٹ اسٹيڈيم اور ٹي ٹوئنٹي سيريز قذافي اسٹيڈيم لاہور ميں کھيلي جائے گي۔ پي سي بي نے رواں سال ٹي ٹوئنٹي ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ٹي ٹوئنٹي ميچز کا اضافہ کيا ہے۔ ون ڈے ميچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈي ميں شيڈول ہے۔ ٹي ٹوئنٹي سيريز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک لاہور ميں ہوگي۔ آئي پي ايل کے باعث نيوزي لينڈ کے اہم کھلاڑي پاکستان کے خلاف سيريز کا حصہ نہيں ہوں گے۔ کين وليمسن، ٹرينٹ بولٹ اور کائل جميسن سميت کئي اہم کھلاڑي سيريز کھيلنے نہيں آئيں گے۔ ياد رہے کورونا کي وجہ سے ملتوي ہونے والي انڈين پريميئر ليگ کے بقيہ ميچز کا آغاز 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات ميں ہوگا۔ ٹي ٹوئنٹي ورلڈ کپ يو اے اي ميں ہے جس وجہ سے نيوزي لينڈ کے زيادہ تر کھلاڑي پاکستان سے کھيلنے کے بجائے آئي پي ايل کو ترجيح دے رہے ہيں۔
نيوزي لينڈ نے آخري بار 2003 ميں پاکستان کا دورہ کيا تھا جب قومي ٹيم نے نيوزي لينڈ کو پانچ ون ڈے ميچوں کي سيريز ميں وائٹ واش کيا تھا۔ اس سيريز ميں پاکستان کے اوپنر ياسر حميد اور عمران فرحت نے رنز کے انبار لگائے تھے بولنگ ميں شعيب اختر اور محمد سميع بہترين بولر قرار پائے تھے
نيوزي لينڈ کے بعد اکتوبر ميں انگلينڈ کي ٹيم 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گي۔ جہاں ٹي ٹوئنٹي ميچز کھيلے جائيں گے۔ ورلڈ کپ سے قبل يہ سيريز دونوں ٹيموں کو ميگا ايونٹ کي تياريوں کو حتمي شکل دينے ميں موثر ثابت ہوگي۔ ٹي ٹوئنٹي ورلڈ کپ کے اختتام پر پاکستان نے ويسٹ انڈيز کي ميزباني کرني ہے۔ جس کے بعد پي ايس ايل کا ساتواں ايڈيشن ہوگا۔ پاکستان سپر ليگ کے بعد پي سي بي فروري مارچ 2022 ميں آسٹريليا کي ميزباني کرے گا۔ آسٹريليا نے آخري بار 1998 ميں پاکستان کا دورہ کيا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس مصروف شيڈول سے اندازہ لگايا جاسکتا ہے کہ پاکستان ميں انٹرنيشنل کرکٹ بحال ہونہيں رہي ”بحال” ہوچکي ہے۔