نیوزی لینڈ بھارت کوشکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا
نیوزی لینڈ:نیوزی لینڈ بھارت کوشکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا ،اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیپمئن شپ ساؤتھمپٹن میں ہوا، کیویز کی ٹیم کو جیت کے لیے 139 رنز درکار تھے ، یہ ہدف کیویز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان کین ولیمسن 52 اور سینئر بیٹسمین روز ٹیلر 47 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لیتھم 9 اور کانوے 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل بھارت کی پوری ٹیم میچ کی دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ رشبھ پنت نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 41 رنز سکور کیے جبکہ اوپنر روہت شرما نے 30 رنز بنائے۔ ٹم سودھی نے چار اور ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز سکور کیے تھے جن میں کانوے نے 54 جبکہ کپتان ولیمسن نے 49 رنز کی اننگز کھیلیں۔یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ اس میچ کو ریفری نے چھ دن کے لیے بڑھا دیا تھا۔