پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے 331 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 48 اوورز میں 252 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز: نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی ول ینگ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی۔ اس کے بعد 39 رنز کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آؤٹ کر کے پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کی۔
کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 134 رنز پر شاہین آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ٹوم لیتھن بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کو 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز تک پہنچایا۔ گلین فلپس نے 72 گیندوں پر 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ ڈیرل مچل نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2 اور حارث رؤف نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اپنے ساتویں اوور کے دوران درد کی شکایت کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔
پاکستان کی اننگز: 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے جارحانہ آغاز کیا، لیکن اس کے بعد بابر اعظم (10)، کامران (18) اور محمد رضوان (3) جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان نے 69 گیندوں پر 84 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، لیکن اس کے بعد ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ تھا۔سلمان آغا 40 اور طیب طاہر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لیکن پاکستان کی ٹیم 252 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ حارث رؤف بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے، اور یوں پاکستان کو 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کی بولنگ: نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری اور مچل سینٹنر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بریسویل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اب اس سہ ملکی سیریز کا اگلا میچ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان پیر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔