نیوزی لینڈ کی بیٹنگ سست روی سے جاری گپٹل کی صورت ایک وکٹ بھی گر گئی تیرہویں اوور میں 50 رنز مکمل کیے

لارڈز کے تاریخی میدان پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور مارک نکولس بیٹنگ کرنے آئے تاہم 24 کے مجموعی اسکور پر گپٹل 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

آؤٹ آف فارم گپٹل کو کرس ووکس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ سلامی بلے باز نے ریویو لیا تاہم اس کے باوجود بھی انہیں آؤٹ قرار دیا گیا جبکہ ریویو بھی ضائع ہوا۔

ٹاس کے بعد مختصر گفتگو کرتے ہوئے کپتان نیوزی لینڈ کین ولیم سن نے کہا ہم نے 2015 فائنل کی شکست سے بہت کچھ سیکھا اور امید ہے کہ ہرکھلاڑی سے اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

میزبان ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ہم نے آج کا میچ کھیلنے کے لیے چار سال محنت کی ہے اور ہمارے کھلاڑی جونی بیئر اسٹو بھی مکمل فٹ ہوگئے ہیں۔

ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم اور میزبان انگلینڈ چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔ انگلش ٹیم 1992 کے بعد اب جاکے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2015 کے ورلڈ کپ فائنل میں کیویز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار میگا ایونٹ میں تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں آمنے سامنے ہوں گی ۔دونوں ٹیمیں ابھی تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت پائیں۔

دوہزار گیارہ اور 2015 کے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ 2011 میں بھارت اور 2015 میں آسٹریلیا ورلڈ چیمپیئن بنا۔ ایک بار پھر ایسا موقع آیا ہے کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر فائنل کھیل رہی ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظردہرائی جائے تو آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار عالمی چیمپئن رہ چکی ۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت نے 2،2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔ پاکستان اور سری لنکا نے ایک ، ایک مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

Shares: